عدن،17جون(آئی این ایس انڈیا)یمنی وزیراعظم احمد عبید بن دغر نے باور کرایا ہے کہ صنعاء اور دیگر صوبوں کو باغیوں سے آزاد کرائے جانے تک حکومت عدن میں ہی رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی وزراء محدود امکانات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔بن دغر نے زور دے کر کہا کہ نئے یمن کے مستقبل کے تعین کے لیے آئندہ مرحلے میں تمام سیاسی فریقوں کے شریک ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک اس وقت غیرمسبوق صورت حال سے دورچار ہے جہاں باغی ملیشیاؤں نے ملک کے امن اور استحکام کو برباد کر کے آئینی حیثیت کے حامل اقتدار اور ریاست کے اداروں پر حملہ کر دیا اور پورے ملک میں جنگ چھیڑ دی۔ اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور بربادی یمن کے اکثر صوبوں تک پھیل گئی۔انہوں نے یمنیوں سے مطالبہ کیا کہ آئینی حکومت کو مضبوط بنانے کے لیے مزید کوششیں کریں اور عدن اور پڑوسی صوبوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام کی کوششوں کو بھرپور انداز سے سپورٹ کریں۔
یمنی وزیراعظم نے اس جانب توجہ دلائی کہ ملک کے صدر کی نمائندگی کرنے والی آئینی حکومت نے امن اور استحکام کو یقینی۔بنانے کے مقصد سے کویت مذاکرات میں غیرمعمولی دلچسپی کا اظہار کیا اور سلامتی کونسل کی قرارداد، قومی مکالمہ کانفرنس کے نتائج اور خلیجی منصوبے پر عمل درامد کی روشنی میں امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔